اسلام آباد (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے کہا ہے کہ عوام کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ، قوم کو دوا پلا کر بیہوش کیا گیا تھا مگر انقلاب نے سب کو جگا دیا ، ہر لیڈر کرپشن کرتا اور جھوٹ بولتا ہے۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری نے سسٹم پر شدید تنقید کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بھوک ، پیاس اور جہالت کی چھری سے ذبح کیا گیا ہے ۔ ایسے لگتا تھا ٹیکہ لگا کر قوم کو بیہوش کیا گیا ہے مگر انقلاب نے بیہوش قوم کو جگا دیا ہے۔ اب غریب جاگیں گے اور لوٹ مار کرنے والوں کو سونا پڑے گا۔
طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب کی وجہ سے مظلوموں کو بھی اچھے مستقبل کی نوید مل چکی ہے۔ انھوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ طاہر القادری نے کہا کہ الیکشن میں جیتنے والی کسی جماعت نے اپنے انتخابی منشور پر کبھی عمل نہیں کیا، انتخابات جیت کر قوم کو لٹیروں سے بچائیں گے۔