کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جیالوں نے جس طرح میرا لاہور میں استقبال کیا وہ دن بھی مجھے یاد ہے، بی بی ہمارے ساتھ ہیں اورشہید ذوالفقار ہمارے ساتھ ہیں۔ عوام اور مسلح فورسز کی کوششوں سےپاکستان محفوظ ہے۔
اپنی آمد کے فوری بعد ایئرپورٹ کے قریب واقع جلسہ گاہ سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ کرسی پر آج کون ہے اور کل کون ہوگا، ہم ایک مرتبہ دوبارہ ایوانوں میں بیٹھیں گے اور پیپلز پارٹی اقتدارمیں آئے گی۔
جیالوں سے خطاب میں سابق صدر کا کہنا تھاکہ جب بھی ملک سے باہر گیا تو کہا گیا کہ بھاگ گیا،انکویہ بات سمجھ کیوں نہیں آتی ہمیں تو دفن ہی گڑھی خدابخش میں ہونا ہے۔
سابق صدر کا جیالوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم جمہوری جدوجہد کریں گے، جمہوریت کو آگے بڑھائیں گے اور جمہوریت ہی ہمارا سب سے بڑا انتقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں مایوسی کا نہیں امید کا پروگرام لے کر آیا ہوں، کشمیریوں کی جدوجہد ہار نہیں سکتی، کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔
سابق صدر نے مزید کہا یہ وقت پاکستان، چین اور اس خطے کا ہے، سی پیک منصوبے پر آنے والی نسلوں کا سوچ کر کام کیا انہوں نے تقریر کا آغاز پاکستان کھپے کے نعرے سے کیا۔
قبل ازیں ایئرپورٹ پر سابق صدر زرداری کا استقبال یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان ،نوید قمر، قائم علی شاہ، قمر زمان کائرہ، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور پی پی کے دیگر رہنماؤں نے کیا۔ ایئر پورٹ پر سابق صدر آصف علی زرداری سے مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔