کراچی (اسٹاف رپورٹر) سولنگی قوم سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مثالی خدمات انجام دے رہی ہے ۔ یہ بات پاکستان سولنگی اتحاد کے چار رکنی وفدنے سینئر رہنما امیر سولنگی سے کراچی میں ملاقات کے دوران سیلابی صورتحال کے حوالے سے امیر سولنگی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر قربان علی سولنگی بھی امیر سولنگی کے ہمراہ موجود تھے جبکہ روشن سولنگی کی قیادت میں امیر سولنگی سے ملاقات کرنے والے وفد میں شفیع اللہ سولنگی ‘ غلام حیدر سولنگی اور ممتاز علی پنہورشامل تھے۔
وفد کے اراکین نے امیر سولنگی کو بتایا کہ گھوٹکی کے اطراف سیلاب متاثرین کیلئے سولنگی اتحاد کے قائم کردہ ریلیف کیمپ میں محمد یوسف سولنگی’ فیض محمد سولنگی ‘ جان محمد سولنگی ‘ محمد حسن سولنگی ‘ محمد یونس سولنگی و دیگر رفقاء شب و روز خدمات انجام دے رہے ہیں اور سولنگی والنٹیئر کور کے کارکنان نہ صرف ہزاروں افراد کی متاثرہ علاقوں سے باحفاظت محفوظ علاقوں میں منتقلی کا فریضہ انجام دے چکے ہیں جبکہ متاثرین سیلاب کو خوراک ‘ لباس ‘ ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کے تسلسل کو بھی قائم رکھے ہوئے ہیں۔
امیر سولنگی نے سولنگی قوم کو سیلابی ورتحال میں سندھ واسیوں کی خدمت و امداد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سولنگی قوم نے ہمیشہ مشکل وقت میں اپنی خدمات کے ذریعے پاکستانی ہونے کا حق ادا کیا ہے۔