ابوظہبی (جیوڈیسک) میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے کم ترین عمر میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی حسن رضا جلد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ٹیم میں شمولیت کے اہل ہو جائیں گے۔ حسن رضا نے 1996ء میں صرف 14 برس اور 227 دن کی عمر میں پہلا میچ کھیلا تھا۔
پاکستان کی جانب سے ان کا کیریئر ہمیشہ اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ 2006 میں انھوں نے آخری مرتبہ پاکستان اے ٹیم کی جانب سے ابوظہبی میں ایک ایونٹ کھیلا تھا۔ 34 برس کی عمر میں اب وہ یو اے ای کو نیا ٹھکانہ بنانے کا ارادہ کر چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حسن رضا صرف 11 ماہ بعد یو اے ای کی نمائندگی کے اہل بھی ہو جائیں گے۔ ایک خلیجی اخبار کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ وہ اس وقت شکاگو اور آئرلینڈ میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے رواں سیزن میں 2 سنچریاں بھی سکور کیں ہیں، گو ان کی عمر 34 برس ہے مگر وہ خود کو فٹ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
وہ اب ڈومیسٹک کرکٹ کو چھوڑ کر یو اے ای آ چکے ہیں اور بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے لیے اپنے نئے ملک کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسری اننگز ہوگی۔