کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول نے کہا کہ الطاف حسین کا اصل اکائونٹ پاکستان کی عوام ہے،الطاف حسین کروڑوں عوام کے لیڈر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ جاگیں ، کراچی کے عوام کو میٹرو بس اور صاف پانی کی ضرورت ہے ۔
انھوں نے کہا کہ اگر الطاف حسین پاکستانی نہیں تو پھر نواز شریف بھی پاکستانی نہیں ، الطاف حسین کو کسی شناختی کارڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ گورے سن لیں الطاف حسین کا حقیقی اکائونٹ پاکستانی ہیں اور بغیر پاسپورٹ وطن واپس آئیں گے۔
آرمی چیف ملک کا کنٹرول سنبھالیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر کراچی والے ناراض ہو گئے تو پھر بلٹ پروف گاڑیاں بھی نہیں خریدی جا سکیں گی۔ بیرسٹر سیف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ مظلوموں کی آواز بلند کی ، ملک میں انقلاب الطاف حسین ہی لا سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ الطاف حسین نظریاتی سیاست کرتے ہیں ، ان کی آواز نہیں دبائی جا سکتی۔
ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم گم نام تھے قائد تحریک نے ہمیں پہچان دی، الطاف حسین نے جاگیرداروں ، سرمایہ داروں کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا۔ متحدہ کے کارکن اپنے قائد پر مر مٹنے کے لیے تیار ہیں۔
الطاف حسین نے ہمیشہ ڈنڈہ بردار شریعت کیخلاف آواز اٹھائی۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ برطانوی حکومت کے خلاف آج ہم سراپا احتجاج ہیں ، انھیں برطانیہ میں کردار ادا کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ رہنما رئوف صدیقی نے کہا کہ آج عوام کا سمندر الطاف حسین سے محبت کا اظہار کر رہا ہے ، الطاف حسین کل بھی پاکستانی تھے اور آج بھی پاکستانی ہیں۔