کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں بسنے والے مفلس عوام پر مسلط دولتمند حکومتی و اپوزیشن اراکین اسمبلی کا اپنی تنخواہوں میں اضافے کیلئے اتحاد اس بات کا ثبوت ہے کہ استحصالی عناصر صرف عوامی اتحاد میں دراڑیں ڈالنے کیلئے الگ الگ سیاسی جماعتوں کا سہارا لئے ہوئے ہیں مگر حقیقتاً مفادات کے حصول کیلئے یہ سب ایک ہی نہیں بلکہ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس کا نام استحصال خاندان یا اقتدار گھرانہ اور لوٹ مار فیملی ہے۔
۔پاکستان راجونی اتحاد میں شامل ایم آر پی چیئرمین امیر پٹی ‘ خاصخیلی رہنما سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ سولنگی رہنما سردار خادم حسین سولنگی ‘راجپوت رہنما عارف راجپوت ‘ ارائیں رہنما اشتیاق ارائیں ‘ مارواڑی رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ بلوچ رہنما عبدالحکیم رند ‘ میمن رہنما عدنان میمن‘ہیومن رائٹس رہنما امیر علی خواجہ اور خان آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی و دیگر نے اراکین اسمبلی کی جانب سے قومی اسمبلی میں روئے جانے والے غربت کے رونے کو منافقت اور مگر مچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم کو لوٹنے ‘ ٹکڑوں میں بانٹنے ‘ نفرت پھیلانے ‘طبقاتی تضاد کی فصل بونے اورمفادات کیلئے ہر ناجائز کو جائز قرار دینے اور احتساب کیخلاف متحد ہونے والے اسی طرح ڈرامہ کرکے خود کو محفوظ ومظلوم بنانے کی کوششیں کرینگے۔