اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے آپس میں بندربانٹ کی ہوئی ہے اور ہمیں غلام بنانے کے لئے نواز شریف اور زرداری کے بچے تیار ہورہے ہیں۔
تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گو نواز گو کہنا ہمارا حق ہے اور ہمیں یہ بتایا جائے کہ تحریک انصاف کی ریلی پر فائرنگ کیوں کی گئی، گو نواز گو ایک نعرہ ہے کوئی گالی نہیں اور نعرے لگانے پر فائرنگ کرنا کہاں کی جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج جمہوریت کا حسن ہے، پرویز رشید تحریک انصاف پر الزام لگاتے ہیں لیکن خود مسلم لیگ(ن) کا دہشت گردوں سے تعلق ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے آپس میں بندربانٹ کی ہوئی ہے اور ہمیں غلام بنانے کے لئے نواز شریف اورآصف زرداری کے بچے تیار ہورہے ہیں لیکن میں حکمرانوں کی پارٹنرشپ نہیں چلنے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہمیں لاڑکانہ میں جلسہ کرنے سے روکا جارہاہے جب کہ تحریک انصاف ملک میں بادشاہت ختم کرکے جمہوریت لانا چاہتی ہے۔