کراچی (جیوڈیسک) معروف سماجی رہنما مولانا عبدالستار ایدھی کا کہنا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں، معروف ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہاکہ مرنے کے بعد اپنے اعضاء عطیہ کرنے کے لئے میڈیا کو عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
سماجی خدمت ہو یا معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے لوگوں کی دل آزاری۔ پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنیوالے ڈاکٹر عبدالستار ایدھی کی شدید علالت اور انکے انتقال کی خبریں اس وقت سوشل میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔ اس موقع پرعبدالستار ایدھی گردوں کے اسپتال ایس آئی یو ٹی میں جب اپنے ڈائیلاسز کے حوالے سے پہنچے تو انہوں نے میڈیا سے بات کی اور کہا کہ وہ اللہ کے کرم سے خیریت سے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کے بعد قوم سماجی خدمت میں ان کے ادارے کا ساتھ دے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ہفتے میں دو مرتبہ ڈائیلاسز کے لئے ایس آئی یو ٹی آتے ہیں باقی انہیں کوئی بیماری نہیں ہے، عبدالستار نے مزید کہا کہ انکی عمر نوے سال ہے اور اس عمر میں ہر انسان کو مختلف بیماریاں لگ ہی جاتی ہیں، ڈاکٹر گردوں کی پیوند کاری کا مشورہ دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر ادیب رضوی نے کہا ہے کہ مرنے کے بعد اپنے اعضاء دینے کیلئے میڈیا کو عوام میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسا کوئی ڈونر ملا توعبدالستار ایدھی کی فوری پیوندکاری کریں گے۔فیصل ایدھی نے اس موقع پر کہا کہ ان کے والد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ بند کیا جائے اور عوام صرف ایسی خبروں پر کان نہ دھریں بلکہ صرف مستند ذرائع پر ہی یقین کیا جائے۔