قوم آج یزیدی نظام کیخلاف اٹھنے کاعہد کرے :طاہرالقادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو آج یزیدی نظام کے خلاف اٹھنے کا عہد کرنا ہو گا اس سے ملکی استحکام اور خوشحالی دونوں نصیب ہوں گی، حسین کی حکمرانی انسانیت کے دلوں پر ہے جو ظلم و جبر اور آمریت کے خلاف اٹھنے کا شعور دیتی ہے۔ شہدائے کربلا نے جو شعور دیا وہ حق کا استعارہ بن کر انسانیت کا سر فخر سے بلند رکھے گا۔ حضرت امام حسین ؓنے ہر گز بغاوت نہیں کی آپ دین کی مٹتی قدروں کو بچانے کیلئے پر امن جدوجہد کیلئے نکلے۔

امام عالی مقام کی شہادت نے ثابت کر دیا کہ دین کا نظم سب سے بڑھ کر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ظالم قوتیں اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ وحدت اسلامی کو پارہ پارہ کر نے کیلئے نئے نئے فتنوں کو جنم دے رہی ہیں۔ مسلکی اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر مسلمانان عالم کو تقسیم کر کے تعصبات کی آگ میں جھونکا جا رہا ہے۔ امت مسلمہ کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے ایسی راہ کا انتخاب کرنا چاہئے جہاں گروہی فروعی اختلافات بالائے طاق رکھ کر اتحاد امہ کو فروغ دیا جا سکے