لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم سب کو متحد ہو کر ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے اس لئے متعلقہ ادارے محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت محرم الحرام کے دوران صوبے میں سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزرا، پولیس افسران اور متعلقہ وزارتوں کے حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران شہباز شریف نے حکام کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق پرسختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اشتعال انگیز تقاریر، لٹریچر اور وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملک کی موجودہ صورت حال میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ ہم سب کو متحد ہوکر ملک دشمن عناصرکے مذموم عزائم کو ناکام بنانا ہے۔