کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جماعت ہے۔ کراچی کی تمام قوموں کو متحد کرنے آیا ہوں۔ جو قومیں ظلم اور ناانصافی کے سامنے جُھک جاتی ہیں، غلامی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔
قوم وعدہ کرے کہ ظلم کے آگے سر نہیں جھکانا۔ عمران خان نے کہا کہ پچھلے 39 دنوں میں ہمارے پاکستان کے لوگ جاگ گئے ہیں۔ سب نیا پاکستان بنانا اور دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں پھر سے اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے۔
جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیں گے، یہ مہم ختم نہیں ہو گی۔ ہم لوگ ووٹ کے ذریعے اپنے لیڈر منتخب کرینگے، دھاندلی کے ذریعے نہیں۔ ہمیں یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ ہم ووٹ کے ذریعے اپنے لیڈر چُن سکیں۔ قوم کبھی کسی کو الیکشن میں دھاندلی نہ کرنے دے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سرپرستی کے بغیر ٹارگٹ کلنگ نہیں ہو سکتی۔ کراچی کی پولیس کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار بنائیں گے۔ ایک ماہ میں ٹارگٹ کلنگ ختم کر کے دکھائیں گے۔ کراچی والے ساتھ دیں گے تو یہ سارے وعدے پورے ہوں گے۔ جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سندھ میں ذوالفقار علی بھٹو کا نام لے کر جھوٹے وعدے کئے جاتے رہے ہیں۔
سندھ کی دیہی عوام کو ظلم سے نجات دلائیں گے۔ عوام کی مدد سے وڈیروں سے آزادی دلاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکومت کی موجودگی میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ عدل، انصاف اور قانون کی بالادستی کے بغیر خوشحالی نہیں آ سکتی۔ جابر اور ظالم عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ عوام ساتھ دیں گے تو کامیاب ہو جائیں گے۔