اسلام آباد(جیوڈیسک) آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کے بعد سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی اتفاق رائے سے شروع کیے گئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھرمیں مختلف آپریشنز میں اب تک 2 یزار 225 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا جب کہ کراچی 5 ہزار 278 کو گرفتارکیا گیا۔
وفاقی وزارت داخلہ نے آرمی پبلک اسکول کے بعد شروع کئے گئے نیشنل ایکشن پلان پر 3 اپریل تک ہونے والی پیشرفت کی رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا گیا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 364 دہشت گردوں کوسزائے موت دی گئی، دہشت گردوں کے سہولت کار 322 ملزمان کو گرفتا ر کر کے ان سے 356.56 ملین روپے رقم وصول کی گئی۔ ہنڈی کے ذریعے کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرنے والوں کیخلاف 160مقدمات درج کر کے 137افراد کو گرفتار کیا گیا، ملک بھر میں 8 ہزار 253 مشکوک افراد کو فورتھ شیڈول پر ڈالا گیا جب کہ ان میں سے 2 ہزار 52 افراد کی نقل و حرکت محدود کی گئی، کراچی آپریشن میں سکیورٹی اداروں نے16 ہزار 304 ہتھیار برآمد کیے جب کہ اب تک 69 ہزار 179 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں لائوڈ اسپیکرایکٹ کی خلاف ورزی پر 10 ہزار 346مقدمات درج جب کہ 10 ہزار 597 افراد کوگرفتار کیا گیا، 3 ہزار 2 آلات قبضے میں لئے گئے، نفرت انگیز تقاریر کرنے پر 2 ہزار 477 مقدمات درج اور 2 ہزار 358 افراد کو گرفتار کیا گیا، 73 دکانوں کو سیل کیا گیا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت 11 اسپیشل ٹرائل کورٹس بنائے گئے جہاں 190مقدمات منتقل کئے گئے، ملک بھر سے 4 ہزار 388 دہشت گردوں کو گرفتار اور 2 ہزار 255 کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔