خانیوال (نوید اشرف کمبوہ) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع خانیوال میں 869سرچ آپریش کیے گئے اس دوران 83747مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران منشیات اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
اس ضمن میں ڈی پی او آفس سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیاکہ نیشنل ایکشن پلان کو کامیباب بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ملک کے دیگر شہروں کی طرح خانیوال میں بھی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال جہانزیب نذیر خان کی زیر نگرانی ضلع بھر میں مختلف مقامات پر مرحلہ وار سرچ آپریشن جاری ہے۔
‘اب تک خانیوال میں 869سرچ آپریشن کیے گئے اور ہزاروں گھر وں کی بائیو میٹرک سرچنگ بھی عمل میں لائی گئی اس سرچ آپریشن کے دوران 83747مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا اور کافی مقدار میں منشیات اور اسلحہ بھی قبضہ پولیس میں لیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران ناجائز اسلحہ رکھنے او رمنشیات فروشی پر ملزمان کے خلاف 148مقدمات کا اندراج کیا گیا اسی طرح جنرل ہولڈ اپ بھی کیے گئے اور ضلع کے داخلی اور خارجی مقامات پر خصوصی ناکہ بندی کی گئی اور بلا نمبری اور غیر نمبرز والی گاڑیوں کی جانچ پڑتال پر 8914موٹرسائیکل مختلف پر بند کیے گئے اور 564غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کیخلاف وہیکل ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی گئی۔
پریس ریلز کے مطابق ڈی پی او جہانزیب نذیر خان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خانیوال پولیس اپنے ملک وقوم کے تحفظ کیلئے تن من دھن کی بازی لگانے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور شرپسند عناصر کے عزائم کو خا ک میں ملادیا جائیگا۔