اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشتگردی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کا جائزہ لینے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہورہا ہے۔ اجلاس کی صدارت مشیر قومی سلامتی لیفٹینٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کریں گے۔
نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس آج وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گا ۔ قومی سلامتی کے مشیرلیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اجلاس کی صدارت کرینگے ۔ اجلاس میں کمیٹی کے تمام ممبران ،انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے اور تمام وزرائے داخلہ سمیت اعلیٰ حکام شرکت کرینگے۔
اجلاس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان ، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین اور پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے چیئرمین اور بعض وفاقی سیکرٹریز کوشرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے ۔اجلاس میں موجودہ صورتحال اور قومی ایکشن پلان کی نگرانی اور اس پر عملدرآمد کاجائزہ لیا جائیگا۔
اجلاس میں قومی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد میں تاخیر کیا بھی جائزہ لیا جائیگا اور قومی امنگوں اور تمناؤں کے مطابق مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے سمت کا تعین کیا جائیگا وزارت داخلہ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ، وزارت مذہبی امور، وزارت قانون، وزارت سیفران، فاٹا سیکریٹریٹ، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، وزارت اطلاعات و نشریات اور صوبائی حکومتیں تفصیلی بریفنگ دیں گی۔ اجلاس میں کراچی آپریشن، پنجاب میں عسکریت پسند، فرقہ ورانہ دہشت گردی ، افغان مہاجرین سے متعلق معاملات پر کام کا تمام پہلووں سے جائزہ لیاجائے گا۔