اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے ضروری آئینی ترمیم پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔
وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے اعلی سطح کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے جس میں وفاقی وزرا، قانونی مشیروں کے علاوہ اٹارنی جنرل بھی شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، قبائلی علاقوں میں آپریشن ضرب عضب میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں فیصلہ کن ہیں اور اسی طرح شہروں اور گلیوں میں بھی دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں گی۔
وزیراعظم نواز شریف نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے فوری طور پر آئینی ترامیم پر مشاورت اور فیصلوں کو جلد حتمی شکل دینے کے لئے کام شروع کیا جائے اور خصوصی عدالتوں کے قیام پر تمام جماعتوں سے فوری رابطہ کیا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم اپنی سربراہی میں قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جس کی وہ خود نگرانی کریں گے جب کہ کمیٹی میں چوہدری نثار، خواجہ آصف، پرویز رشید، احسن اقبال اور سرتاج عزیز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 24 دسمبر کو سیاسی رہنماؤں اور عسکری قیادت کی مشاورت کے بعد قومی ایکشن پلان کا اعلان کیا تھا جس پر تمام سیاسی جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔