لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قومی اتفاق رائے کے بغیرکالا باغ ڈیم کی تعمیر وحدت ملت کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے، وہ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے تمام وزرائے اعلی کو پنجاب آنے کی دعوت دیں گے۔ سندھ اسمبلی کے 20 رکنی وفد نے لاہورمیں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی، وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ملک کو توانائی بحران، دہشت گردی اورکرپشن جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
وسائل کے درست استعمال کیساتھ جمہوری اداروں کی کمزوریوں کو بھی دور کرنا ہو گا، ان کا کہنا تھا کہ قومی اتفاق رائے کے بغیر کالا باغ ڈیم کی تعمیر وحدت ملت کو پارہ پارہ کرنے کے مترادف ہے، محمد شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان تب ہی خوشحال ہو گا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی۔