قومی ایئرلائن کی بارسلونا کیلئے پاکستان سے ڈائریکٹ فلائٹ ختم کر دی گئی

PIA

PIA

بارسلونا (جیوڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی بارسلونا کے لئے پاکستان سے ڈائریکٹ فلائٹ ختم کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پاکستان سے بارسلونا کے لئے آنے والی تین فلائٹس میں سے ایک رہ جانے والی فلائٹ کو بھی ختم کردیا گیاہے جس کا تحریری خط پی آئی اے ہیڈ کوارٹر کراچی کی جانب سے قومی ایئر لائن سپین کے دفتر کو موصول ہو چکاہے۔

کمپیوٹر سسٹم پر پی آئی اے کی 7 فروری والی فلائٹ کی ٹکٹیںفروخت ہو رہی ہیںجبکہ بعد کی تاریخوں کی سیل ختم کر دی گئی ہے۔ فروری ، مارچ اور دوسرے ماہ کی بکنگ اور خریدی گئی ٹکٹوں کی رقم پسنجرز کوواپس ہو گی یا اس کے بدلے کسی بھی دوسری ایئر لائن میں سفر کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ پاکستانی کمیونٹی نے اس خبر کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے روزنامہ جنگ کو بتایا کہ پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹ سے سپین بھر میں وفات پانے والے پاکستانیوں کی میتیں پاکستان لے جانے میں آسانی ہوتی تھی، اب دوسری ایئر لائنز کے ذریعے یہ ڈیڈ باڈیز وقت پر نہیں پہنچ سکیں گی اور میت لے جانے میں دشواری کا سامنا ہوگا۔

بارسلونا کی ایسوسی ایشنز ، فیڈریشنز، سیاسی ، سماجی اورمذہبی تنظیمات نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ سپین میں مقیم ایک لاکھ پاکستانیوں کو پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹ کی سہولت کو ختم نہ کیا جائے ۔اس ضمن میں پاکستانی کمیونٹی کاایک وفد سفیر پاکستان سے میڈریڈ میںملاقات کرے گا تاکہ انہیں حالات کی نزاکت کے بارے میں بتایا جا ئے ۔واضح رہے کہ 20جنوری 2015 کی روزنامہ جنگ میں چھپنے والی بارسلونا کی ڈائری میں اس بات کا انکشاف کر دیا گیا تھا کہ سپین میں جی ایس اے اور پی آئی اے ہیڈ کوارٹرز کی عدم دلچسپی سے قومی ایئر لائن کوہونے والے نقصانات کی وجہ بارسلونا آنے والی پی آئی اے کی ڈائریکٹ فلائٹ کو ختم کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔