قومی ایئر لائن کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ، مسافروں کا احتجاج

Rehman Malik

Rehman Malik

کراچی (جیوڈیسک) قومی ائیر لائن کی پرواز ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی تو مسافر بپھرگئے اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کو جہاز میں سوار نہ ہونے دیا۔ پیر کی شام کراچی سے اسلام آباد جانے والی قومی ائیرلائن کی پرواز PK370 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

اس پرواز کو کراچی سے شام 7 بجے روانہ ہونا تھا تاہم پرواز اپنے وقت پر اڑان نہ بھر سکی اور مسافروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔اسی دوران پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک فلائٹ میں سوار ہونے کے لیے آئے تومسافروں نے ان پر پر چڑھائی کردی۔

رحمان ملک معاملے کی نزاکت بھانپ گئے اور موقعے سے نکلنے میں عافیت جانی۔ ہاتھ ہلاتے الٹے قدموں واپس چل دئیے۔ جس کے بعد پرواز حمان ملک کو لیے بغیر ہی رات سوا 9 بجے اسلام آباد روانہ ہو گئی۔

بعد میں رحمان ملک نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ پروازمیں تاخیر ان کی وجہ سےنہیں ہوئی، واقعے کی انکوائری کرائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ نہ تو وہ وی آئی پی ہیں اورنہ ہی ایسا رویہ رکھتے ہیں۔