لاہور (جیوڈیسک) لاہور سے اسپین کے شہر بارسلونا میں آج شام چار بجے پہنچنے والی پی آئی اے کی فلائٹ تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، اسی فلائٹ کو شام میں دوبارہ بارسلونا سے لاہور بھی جانا تھا۔
پی آئی اے کی فلائٹ نمبر PK795 اب ہفتے کی شام چار بجے کے بجائے اتوار کو بارسلونا پہنچے گی، تاہم یہ بھی کوئی حتمی وقت نہیں ہے کیونکہ پی آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ فلائٹ لاہور سے بارسلونا جانے کے لئے اڑائی گئی تھی لیکن فنی خرابی کی وجہ سے کابل لے جائی گئی اور وہاں سے اسے کراچی لا کر اتار لیا گیا ہے،جونہی اس کی فنی خرابی دور ہو گی تواسے بارسلونا کے لئے اڑایا جائے گا۔
بارسلونا ایئرپورٹ پر مسافر پریشانی کی حالت میں معلومات لینے کی کوشش کر رہے ہیں، تمام مسافر بورڈنگ کروا کے ایئر پورٹ پر فلائٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ صرف کچھ مسافروں کو فلائٹ آنے تک ہوٹل اور کھانے کے واؤچر دیئے گئے ہیں جبکہ پاکستان جانے والے متعدد مسافر سپین کے دور دراز شہروں سے بارسلونا ایئر پورٹ پر پہنچ کر اب پرواز کے منتظر ہیں۔