اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی نے فرانس کے ہفت روزہ میگزین چارلی ہیبڈو کی جانب سے شائع کئے گئے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد ایوان میں پیش کی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ قرارداد میں فرانسیسی ہفت روزہ میگزین چالی ہیبڈو کی جانب سے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کی شدید مذمت کی گئی جبکہ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے دنیا بھر میں بسنے والے ایک ارب 70 کروڑ سے زائد مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ایسے واقعات دہشتگردی اورتشدد کو فروغ دیتے ہیں اوراس عمل سے دہشتگرد فائدہ اٹھا سکتے ہیں لہذا کسی بھی مذہب کی توہین نہیں ہونی چاہیئے۔
ایوان نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت روکنے کے لئے بھرپور اور موثر اقدامات اٹھائے جائیں کیوں کہ شعائراسلام کی توہین برداشت نہیں کی جاسکتی۔