اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی نے یوم آزادی، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لئے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ یہ ملک قائد اعظم محمد علی جناح کی کوششوں سے جمہوری اصولوں اور ووٹ کی بنیاد پر قائم ہوا، یہ ایوان قوم کو 68 ویں یوم آزادی پرمبارک باد پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ملک کی ترقی اور سلامتی جمہوریت سے وابستہ ہے۔ موجودہ حکومت، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بلا دستی کے لئے آئین کے مطابق کام کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی ملک میں اداروں کی بالادستی کے لئے کام کرتی رہے گی، آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے کےلئے ایوان اپنا کردار ادا کرتے رہے گا۔ بعد ازاں ایوان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی۔