اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں بلوچستان کے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کی قرار داد منظور کر لی گئی۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزرا کی عدم موجودگی کیخلاف اور زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی کیلیے واک آٹ کیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں بلوچستان زلزلہ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
ایوان نے بلوچستان میں زلزلے سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا اور زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی۔ قرارداد میں زلزلہ متاثرین کی بحالی و امداد کیلیے اقدامات تیز کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ وہ بلوچستان زلزلے پر ایوان میں بے حسی دیکھ رہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے اتنے بڑے سانحے کی تفصیلات بھی نہیں بتائی گئیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزرا کی عدم موجودگی کیخلاف اور زلزلہ متاثرین کی امداد و بحالی کیلیے واک آٹ کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے اپوزیشن کے واک آٹ کا ساتھ نہیں دیا۔