قومی اسمبلی میں الیکشن شیڈول کے خلاف متفقہ قرار داد منظور

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کیخلاف تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو گئیں ہیں، قومی اسمبلی میں مخالفت میں قرارداد منظور کر لی گئی۔

تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کیخلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی جس کی مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں نے حمایت کی قرار داد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق انتخابات کا شفاف انعقاد ممکن نہیں ہے۔ قانون کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی صرف پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے ہو سکتی ہے۔

نجی پرنٹنگ پریس سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی سے انتخابات کی ساکھ پر سوالات اٹھیں گے۔ قرارداد پر خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، فاروق ستارکے دستخط موجود تھے۔ قرارداد پیپلز پارٹی، ن لیگ، ایم کیو ایم، ق لیگ اور دیگر جماعتوں نے متفقہ طور پر پیش کی بعد میں محمود خان اچکزئی نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کیخلاف حکومت اور اپوزیشن کی متفقہ قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قرارداد میں سندھ اور پنجاب کے ساتھ بلوچستان کا نام بھی شامل کر لیا گیا۔ ترمیمی قرارداد کے مطابق تینوں صوبوں میں اعلان کردہ شیڈول کے مطابق شفاف بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں۔