اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن نے آئی ایم ایف سے کئے گئے وعدوں کی تفصیلات اور حقائق ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، حکومت نے ایوان کو یقین دلایا ہے کہ پی آئی اے ملازمین کو بیروزگار نہیں کیا جائیگا، سٹیل ملز کو بحرانوں سے نکالنے اور ملک سے سودی نظام کے خاتمے کی قرار دادیں قومی اسمبلی نے منظور کر لیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا۔
قومی ایئرلائن کے حصص فروخت کرنے سے متعلق توجہ دلا نوٹس قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، شیخ آفتاب نے کہا کہ پی آئی اے کے 26 فیصد حصص فروخت کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے لیکن پی آئی اے کے کسی ملازم کو نہیں نکالا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے حصص فروخت کرنے کا ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، قرآن پاک کی اشاعت، طباعت اور ریکارڈنگ میں غلطیوں کے خاتمے کے ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش۔
ایم کیو ایم کی جانب سے پیش کی جانیوالی سٹیل ملز کو بحرانوں سے نکالنے سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق دیلم حسنین کی قرار داد کی بھی ایوان نے منظوری دیدی۔ ایوان نے ملک میں سودی نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کر لی۔ تحریک انصاف کے عارف علوی نے کہا کہ لوگوں کی گردن کاٹ کر ریونیو جمع کیا جا رہا ہے۔
حکومت آئندہ ایک سال کا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھے،ن لیگ کے عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ حکومت نے مشکل ترین حالات میں اقتدار سنبھالا، عوام کمر کس لے اور پیٹ پر پتھر باندھ لے، سب کو پتہ ہے کہ قومی خزانہ خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کوئی چیز نہیں چھپائیں گے۔ عوام دشمن پالیسی نہیں اپنا رہے، کشکول لے کر پھرنے سے نفرت کرتے ہیں، مجبورا آئی ایم ایف سے قرض لینا پڑا۔