اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔ پانامہ لیکس میں ہونے والے انکشافات کے باعث ایوان زیریں کا اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے۔
اپوزیشن جماعتیں ایوان میں وزیراعظم اور ان کے اہلخانہ کے بیرون ملک اثاثوں کا معاملہ اٹھائیں گی۔ ایجنڈے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مالاکنڈ ڈویژن اور ضلع کوہستان میٰں کسٹم ایکٹ کے نفاذ کیخلاف توجہ دلاؤ نوٹسز ایجنڈے میں شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے الیکٹرانک کرائمز بل اور فارن ایکسچینج ریگولیشن ترمیمی بل بھی ایوان میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ مشترکہ مفادات کونسل کی دو سال کی رپورٹس بھی پیش کریں گے۔