اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے لیا۔ ن لیگ کے قائد میاں محمد نواز شریف 14سال بعد بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھایا۔ مسلم لیگ ن کی نوخواتین اورایک اقلیتی نشست کے امیدوار نوٹیفکیشن نہ ہونے کے باعث حلف نہیں اٹھاسکیں گے۔ مسلم لیگ ن 186 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے۔ دوسرے نمبر پر پیپلزپارٹی ہے جس کی نشستوں کی تعداد 39 ہے۔
پاکستان تحریک انصاف 35 نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت ہے۔ ایم کیو ایم قومی اسمبلی میں 23 ارکان کے ساتھ چوتھی بڑی جماعت بنی ہے۔ جمیعت علما اسلام فضل الرحمان گروپ کے 14 ارکان اسمبلی حصہ ہیں۔ مسلم لیگ فنکشنل کے 6 ارکان اسمبلی میں آئے ہیں۔ پختوں خواہ ملی عوامی پارٹی اور جماعت اسلامی کے 4 ، 4 ارکان اسمبلی میں پہنچے ہیں۔
اسکے علاوہ نیشنل پیپلز پارٹی کے 3 ، مسلم لیگ ق کے 2 ارکان بھی اسمبلی میں پہنچے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اس ہی طرح عوامی نیشنل پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی، شیرپاو صاحب کی قومی وطن پارٹی، مسلم لیگ ضیا گروپ، نیشنل پارٹی، عوامی مسلم لیگ، عوامی جمہوری اتحاد پارٹی آل پاکستان مسلم لیگ کے حصے میں ایک ایک نشست آئی ہے۔ جبکہ 7 آزاد ارکان بھی اسمبلی کا حصہ ہونگے۔ جبکہ ابھی 10 حلقوں میں الیکشن ہونا یا انکے نتائج آنا باقی ہیں۔