اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں نئی تاریخ رقم،نعت مقبول پڑھنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قومی اسمبلی نے قواعد وضوابط میں ترمیم کے بعد تلاوت قرآن مجید کے بعد نعت مقبول پڑھنے کی ترمیم متفقہ طور پر منظور کر لی۔
منگل کو مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط میں ترمیم کے حوالے سے تحریک پیش کی انہوں نے تلاوت قرآن مجید کے بعد نعت رسول کو پڑھنے کے حوالے سے ترمیم پیش کی جس کو ایوان زیریں نے متفقہ طور پر منظور کرلیا اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے مہینے میں ایوان کی جانب سے اس ترمیم کو متفقہ پاس کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔
آج پاکستانی تاریخ کا اہم دن ہے اس ترمیم کے پاس ہونے کے بعد کل سے قومی اسمبلی میں تلاوت قرآن مجید کے بعد نعت رسول مقبول پڑھی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ یہ ترمیم ہمارے نبی کے گستاخانہ خاکے بنانے والوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ تمہاری جانب سے گستاخانہ خاکوں پر ہم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اور ایوان کے ممبران کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم کے پاس کروانے سے ایوان پر رحمتوں کا پرچار ہوگا۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی سید عمران علی شاہ نے کہا کہ ماہ نور کے ماہ میں ایوان نے اہم ایمانی ترمیم منظور کی جس پر ایوان کے شکر گزار ہیں انہوں نے کہا کہ ہم رہیں یا نہ رہیں مگر آپ پارلیمنٹ میں تلاوت قرآن مجید کے بعد نعت رسول مقبول ضرور پڑھا کریں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی امجد نیازی نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ترمیم پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ ہمیں نعتیں بھی ضرور پڑھنی چاہیں لیکن اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا بھی ہمارا فرض ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے رکن قومی اسمبلی مولانا شیرانی نے اس موقع پر کہا کہ نبی پاک سے اظہار محبت بہت ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ ایوان میں ایک یا دو احادیث بھی ضرور پیش ہونی چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی نظریاتی کونسل کا ایک ادارہ موجود ہے۔ گزشتہ سیشن میں اس کی دو رپورٹ ایوان میں پیش ہوچکی سپیکر صاحب کو اس پر بحث کے لئے کوئی دن ضرور متعین کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایوان میں جو قانون سازی ہو اسے آئین اور سنت کے مطابق ہونی چاہیے اس سے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے دروازے کھلیں گے۔
رکن قومی اسمبلی میجر ریٹائرڈطاہر اقبال، سائرہ افضل تارڑ، عارفہ خالد، شگفتہ جمانی، غلام بلور، کرن حیدر ، صاحبزادہ طارق اللہ نے بھی ایوان میں ترامیم پیش کرکے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مبارکباد پیش کی۔