قومی اسمبلی میں 4 اپوزیشن اور 4 حکومتی حلقوں میں ووٹوں کی تحقیقات کرانیکی تجویز

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے تجویزدی کہ 4 اپوزیشن اور 4 حکومتی حلقوں میں ووٹوں کی تحقیقات کرائی جائیں اور اس کیلیے ایوان کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی جائے جبکہ ارکان نے مطالبہ کیاکہ پولیو ویکسین کے قطرے پلانے والوں کو حکومت تحفظ دے، حکومت طالبان مذاکرات کو سنجیدگی سے لے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کااجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت شروع ہوا تو اسپیکر نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ایوان کی رکن مسرت رفیق مہیسر کا 22 سالہ جوان بیٹاانتقال کر گیا ہے، مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

عمران خان کے نکتہ اعتراض پروفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان نے جو اعداد و شمار پیش کیے ہیں وہ انھیں تسلیم نہیں کرتے بلکہ چیلنج کرتے ہیں، ایازصادق کے مقدمے میں عمران خان انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق چاہتے ہیں، پہلے عدالت میں دھاندلی کاثبوت تو پیش کریں، اگرایک ووٹ کی بھی گڑ بڑ نکل آئے تو وہ اس ایوان سے چلے جائیں گے، اسپیکر کو انھوں نے کامیابی کی مبارکباد بھی دی، حلف بھی اٹھایا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا، جہانگیر ترین نے انگوٹھوں کی تصدیق رکوانے کیلیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔