قومی اسمبلی : وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیل

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں وزیر اعظم نواز شریف کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیل پیش کر دی گئی، جون 2013 سے اب تک وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں پر 29 کروڑ 45 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا۔ ایوان میں وزیر اعظم نواز شریف کے غیر ملکی دوروں کے اخراجات کی تفصیل پیش کی گئی۔ ایوان کو بتایاگیا کہ جون 2013 سے اب تک وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں پر 29 کروڑ 45 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

غیر ممالک سے رہا کئے جانے والے پاکستانی قیدیوں کے بارے میں مشیر خارجہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 3 سال میں پاکستان نے ایک ہزار 260 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا، جس میں سےایک ہزار220 ماہی گیر اور 40 عام شہری ہیں۔

اس دوران بھارت نے 293 پاکستانیوں کو رہا کیا،ان افراد کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تین سال میں سعودی عرب نے دو ہزار 681 اور امریکا نے 165 پاکستانیوں کو رہا کیا۔ قیدیوں کو چوری، جعل سازی، منشیات کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، غیر قانونی قیام کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر نے ایوان کو بتایا کہ عرب شہزادوں کو شکار کی اجازت دینے کا فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری سے کیا جاتا ہے، عرصہ دراز سے یہ پالیسی جاری ہے، یہ ملکی خود مختاری کے خلاف نہیں، اس پالیسی پر نظر ثانی کر کے ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارت برابری کی بنیاد پر بڑھانا چاہتے ہیں۔

بھارت کو ایم ایف این کا درجہ اُس وقت تک نہیں دیا جائے گا جب تک پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک ختم نہیں کر دیا جاتا اور کسی بھی فیصلے سے پہلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔