لاہور (جیوڈیسک) لاہور قومی اسمبلی کی پندرہ اور صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں پر ضمنی الیکشن کل ہوں گے، انتخابی سامان کی ترسیل شروع ہو گئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں بیلٹ بکس اور بیلٹ پیپز کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پشاور میں سیکورٹی فورسز کے اہلکار انتخابی سامان لے کر پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گئے۔ دہشت گردی کے خطرے کی رپورٹ کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے پچیس ڈیرہ اسماعیل خان میں ضمنی انتخابات ملتوی کر دیئے جس کے بعد اب قومی اسمبلی کی پندرہ اور صوبائی اسمبلیوں کی 26 نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔
این اے دو سو باسٹھ قلعہ عبداللہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے اور صوبائی حکومت سے فوج اور رینجرز کی نفری میں اضافہ کی ہدایت کی گئی ہے۔ این اے ایک سو ستتر مظفر گڑھ میں تمام تین سو چھ پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے حلقہ این اے اڑتالیس کے تین پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور سینتس کو حساس قرار دے دیا گیا۔
دو سو ساٹھ اسٹیشنز پر دو ہزار دو سو چونتیس پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ لاہور کے ساٹھ پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پاک فوج کوئیک ریساپنس فورس کے طور پر بھی کام کرے گی۔ نارمل پولنگ اسٹیشنز پر پانچ سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ حساس پولنگ اسٹیشنز پر کم از کم سات سیکیورٹی اہلکار اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر دس سے پندرہ اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ فوجی جوان ان سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ ہوں گے۔