اسلام آباد (جیوڈیسک) طلال چودھری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں بکاؤ مال بھی ہے اور خریدار بھی، کہتے ہیں ریحام خان خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہی ہیں ، پی ٹی آئی اراکین نے طلال چودھری کی تقریر کیخلاف ایوان میں شدید احتجاج اور واک آؤٹ کیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ نواز کے رہنما اور رکن اسمبلی طلال چوہدری اپنی تقریر کے دوران پی ٹی آئی پر برستے رہے۔ طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان وجیہہ الدین کمیشن کے فیصلے نہیں مان رہے، تحریک انصاف میں بکاؤ مال بھی ہے اور خریدار بھی ہیں۔ طلال چوہدری نے کہا ریحام خان خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہی ہیں۔
ابھی ان لفظوں کی باز گشت سنائی دی جا رہی تھی کہ طلال چوہدری نے اپنی تقریر میں پی ٹی آئی کی شیریں مزاری کو آنٹی کہہ دیا جس پر ایوان میں ایک ہنگامہ برپا ہو گیا ، پی ٹی آئی کے ارکان سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہو کر احتجاج کیا۔ اس دوران جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی اراکین بھی ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے آنٹی کا لفظ ایوان کی کارروائی سے حذف کراتے ہوئے مشورہ دیا، آپ آنٹی کے بجائے آپا کہہ لیں۔ اس سارے ہنگامہ میں طلال چودھری اس بات پر اڑے رہے کہ اسمبلی کو گالیاں نکالنے پر تحریک انصاف معافی مانگیں۔
ماحول میں گرما گرمی دیکھتے ہوئے خورشید شاہ آگے بڑھے اور کہا حکومتی بنچوں کو ایوان کا ماحول خراب کرنا زیب نہیں دیتا۔ بعد میں اسحاق ڈار اور خورشید شاہ منت سماجت کے بعد تحریک انصاف کو ایوان میں واپس لائے۔