اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر کی جانب سے ان ڈائریکٹ ٹیکس کم کرنے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی گئی۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے اسد عمر نے ان ڈائریکٹ ٹیکس کم کرنے سے متعلق قرار داد پیش کی،قرار داد پر بحث کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن آصف حسنین کا کہنا تھا کہ ملک میں جاگیرداروں کی اجارہ داری ہے، جاگیرداروں نے خود کو صنعت کاروں کی صف میں شامل کر لیا ہے ، ان پر ڈائریکٹ ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے۔ پرویز ملک نے کہاکہ ٹیکس چوروں کو پکڑنا چاہتے ہیں۔
معاشی ایجنڈے کو مل کر حل کرنا ہو گا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ جو بڑے صنعت کار اپنا پیسہ بیرون ملک بھیجتے ہیں، ان سے بھی پوچھا جائے،پاکستان ایسے ہی لوگوں کی وجہ سے غریب ہے ، شازیہ مری نے کہاکہ بڑے لوگوں کو بھی ٹیکس ادائیگی کے دائرہ کار میں لایا جائے، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اب بڑے ٹیکس چوروں پر ہاتھ ڈالا جائے ، پارلیمانی سیکرٹری رانا افضال نے کہاکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم چور دروازہ نہیں، سرمائے کی بیرون ملک منتقلی روکنے کے لیے ایسی ا سکیم لانا ضروری تھا، رانا افضال نے کہاکہ ایک سال میں غیر ملکی قرضوں کو 6 فیصد تک واپس کیا گیا، ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے سب کو حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہئیں۔