اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس آج سے شروع ہو گا، جس میں کنٹرول لائن پر کشیدگی اور ملک میں امن و امان کی صورت حال زیر بحث لائی جائے گی، اپوزیشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کا اعلان کیا گیاہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہو گا، موجودہ قومی اسمبلی کا یہ چوتھا اجلاس ہوگا جو دو ہفتے جاری رہنے کی توقع ہے۔
اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس بھی ہوں گے جن میں اجلاس سے متعلق حکمت عملی مرتب کی جائے گی، جبکہ اسپیکر کی سربراہی میں ہاوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی ایجنڈا امور کو حتمی شکل دے گی۔ حکومتی ذرائع کنٹرول لائن اور ملک میں امن و امان کی موجودہ صورت حال کے تناظر میں اس اجلاس کو اہم قرار دے رہے ہیں۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیے جانے کی بھی توقع ہے۔