قومی ایوی ایشن پالیسی حتمی مراحل میں ہے، شجاعت عظیم

Metting

Metting

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی کیپٹن شجاعت عظیم کا کہنا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مددسے قومی ایوی ایشن پالیسی کا مسودہ فائنل کیا جارہا ہے، پالیسی کو آئندہ چند ہفتوں میں حتمی شکل دی جائے گی۔ یہ بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی کیپٹن شجاعت عظیم نے سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹر میں قومی ایوی ایشن پالیسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں قومی ایوی ایشن پالیسی کے حوالے سے تما م اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی جس میں ملکی و غیر ملکی ائر لائن کے نمائندوں، فیول سپلائرز، گرائونڈ ہنڈلر سمیت جنرل اور چارٹر ایوی ایشن کے نمائندے شامل تھے۔

شجاعت عظیم کا کہنا تھا کہ آخری قومی ایوی ایشن پالیسی طویل عرصہ قبل بنی تھی، ہم نے قومی ایو ی ایشن پالیسی کی تشکیل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز، ایوی ایشن کے ماہرین اور دنیا کی بہترین یونیورسٹیز کی خدمات حاصل کیں اور ان کی مدد سے ہی پالیسی کے ڈرافٹ کو تشکیل دیا ہے، پالیسی کو چند ہفتوں میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ قبل ازیں شجاعت عظیم نے ملک بھرکے بڑے ائر پورٹس پر انٹرنیشنل فوڈ چین کی فرنچائز کھولنے کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں سول ایوی ایشن حکام کے ساتھ فوڈ چین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

شجاعت عظیم کا کہناتھا کہ ایئر پورٹس پر انٹرنیشنل فوڈ چین کے قیام سے مسافروں کو معیاری کھانے کی سہولت میسر ہوگی ۔اس موقع پر شجاعت عظیم نے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں میڈیکل ایگزامنیشن میں پائلٹس کی شکایت کے ازالے کے لیے تین رکنی کمیٹی بنانے کا اعلان بھی کیا۔