کراچی : نیشنل بینک شعبہ اسپورٹس کے سربراہ اویس اسد خان نے اعلان کیا ہے کہ نیشنل بینک اسی سال اپنے اسپورٹس کمپلیکس پر ایک باسکٹ بال کورٹ تعمیر کردے گا یہ اعلان انہوں نے نیشنل بینک اور بلدیہ جنوبی کے تعاون سے آرام باغ باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر نو مکمل ہونے کے بعد ایک رنگا رنگ تقریب میں کورٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں کے پی ٹی کے مینجر اسپورٹس کرنل سید بصیر عالم ، کے الیکٹرک کے ڈائریکٹر اسپورٹس میجر محمود ریاض ، SOA کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق ، سیکریٹری احمد علی راجپوت، اصغر بلوچ، کاشف فاروقی اور دیگر نے شرکت کی ۔ اویس اسد خان نے کہا کہ بینک 11 سال سے مستقل بنیادوں پر باسکٹ بال کھیل کو بھرپور فروغ دے رہا ہے اور ہم نے کلب کی سطح پر اس کھیل کی بھرپور پذیرائی کی ہے۔
اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اسی کھیل کی ایک ٹیم بھی بینک میں تشکیل دی جائے جو پہلے بھی تھی جس کے لئے ہم مشاورت کررہے ہیں اویس اسد خان نے کہا کہ بینک اس سال ایک کلب ٹورنامنٹ جو کہ باقاعدگی سے ہوتا ہے اس کے علاوہ ایک آل پاکستان ٹورنامنٹ بھی آرگنائز کرے گا انہوں نے KBBA کو پیشکش کی کہ وہ کراچی میں ایک اور کورٹ کی نشاندہی کریں ہم اس کی تعمیر نومیں مدد کرینگے۔
اویس اسد خان نے اس موقع پر KBBA کو ہدایت کی کہ وہ اسکول اور کالج کی سطرح پر زیادہ ایونٹس منعقد کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مارچ میں نیشنل بینک ایک قومی سطح کی کانفرنس کھیلوں کے مسائل اور اس کے حل کے لئے منعقد کررہا ہے ۔ انہوں نے KBBA سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے بینک کے اور بلدیہ جنوبی کے عطیے کا اس کورٹ پر صحیح استعمال کیا۔
اس موقع پر KBBA کے صدر غلام محمد خان نے تفصیل کے ساتھ کورٹ کی تعمیر نو سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ کراچی میں پہلی مرتبہ کسی کورٹ پر فائبر گلاس کے باسکٹ بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ KBBA کے دفتر کی بھی تزئین و آرائش ہوگئی ہے ۔ نیااسکور بورڈاور نیا ٹیکنیکل سامان بھی کورٹ کو فراہم کردیا گیا ہے۔
غلام محمد خان نے اس موقع پر بلدیہ جنوبی کے چیئرمین ملک فیاض کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ ان کی ذاتی کوششوں سے آرام باغ میں ناپسندیدہ افراد جو کہ منشیات کا استعمال کرتے تھے ان کو دربدر کردیا گیا ہے اور اس باغ کا حسن دوبالا ہوگیا ہے۔
آئندہ ہفتے یہ باغ صرف فیملی کے لئے کھول دیا جائے گا ۔ اس موقع پر KBBAکے چیئرمین امجد علی خان سیکریٹری طارق حسین، عظمت اللہ خان نے بھی خطاب کیاجبکہ نیشنل بینک کے عمران بلوچ نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ اس موقع پر SBBAکے سیکریٹری عبد الناصر کے سسر کے انتقال پر دعائے مغفرت کرائی گئی۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر