کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ سیمی فائنل مقابلے میں کانٹے دار مقابلے کے بعد میزبان نیشنل بنک کی ٹیم نے سابقہ قومی چمپئن پی آئی اے کی ٹیم کو 1-0سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا اور دفاعی چمپئن پی آئی اے کو ٹورنامنٹ سے آئوٹ کردیا۔
کھیل کے ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم نیشنل بنک کی ٹیم کو اس وقت کامیابی ملی جب کھیل کے 32ویں منٹ پر ان کے کھلاڑی محمد اسماعیل نے نہایت خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا دوسرے ہاف میں پی آئی اے کی ٹیم نے خسارہ پورا کرنے کی بھر پور کوشش کی تاہم وہ مقررہ وقت تک کامیابی حاصل نہ کرسکے اور کھیل کے اختتام پر نیشنل بنک کی ٹیم کامیابی کے ساتھ گرائونڈ سے باہر آئی میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری رحیم بخش بلوچ کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر چیئر مین ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر فتح محمد بلوچ ،سیکریٹری ملیر شاہد تاج ،سیکریٹری ایسٹ عبید اللہ خان ،اجمل خٹک ،صدر کالونی اسپورٹس گلفراز احمد خان ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،امیر محمد خان ،ایم خالد نیشنل بنک ،منور خان اور دیگر موجود تھے اس موقع پر یوسی 5ملیر کے نومنتخب چیئر مین با بر نے خصوصی شرکت کی ۔کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جہانگیر خان ،جاوید بنگش ،نصیر عمر بلوچ اور شہاجہاں بلوچ نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر ایم خالد نیشنل بنک اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔