کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے اشتراک سے 11واں نیشنل بنک کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا آرام باغ کورٹ پر آغاز ہوگیا ۔افتتاحی مقابلوں میں حیدر آباد نے کراچی سینٹر ل اور دوسرے میچ میں کراچی سائوتھ نے کراچی ملیر کو شکست سے دو چار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے شاندارآغاز پر پہلے روز دو میچز کھیلے گئے پہلا مقابلہ حیدر آباد نے کراچی سینٹرل کو 53-20پوائنٹ سے ہرا دیا فاتح ٹیم کی جانب سے علی رضا نے 20،حافظ محمد سعد نے 16اور فیضان ذاہد نے 10پوائنٹس اسکور کئے کراچی سنٹرل کی جانب سے عثمان خان نے 6پوائنٹ اسکور کئے۔
دوسرے مقابلے میں کراچی سائوتھ نے کراچی ملیر کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 58-53سے ہرا دیا ،کراچی سائوتھ کی جانب سے زین العابدین نے 21،جہانزیب عباسی 19اور فاضل احمد نے 12پوائنٹس اسکور کئے ۔ملیر کی جانب سے شامیر ظہیر نے 19اور بختیار احمد نے 16پوائنٹس اسکور کئے۔
کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نذاکت حسین ،طارق حسین ،محمد عامر اور غلام رسول نے انجام دیئے۔قبل ازیں 11ویں نیشنل بنک کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کے افتتاح کے حوالے سے منعقد کئے گئے شایان شان تقریب میں بلدیہ جنوبی کے کوارڈینٹر محمود ہاشم نے کیا اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان ،چیئر مین امجد علی خان ،سندھ کے سیکریٹری عبدالناصر ،عابد افتخار ملہی ،آغا رضا ،بلدیہ جنوبی یونین کمیٹیز کے وائس چیئر مین علی سلیمان سومرو اور عبدالحمید جت موجود تھے۔
اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمود ہاشم نے اعلان کیا کہ آرام باغ باسکٹ بال کو رٹ ی تزئین و آرائش کا آغاز اس ٹورنامنٹ کے بعد شروع ہوجائے گا انہوں نے ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد اور اسپانسر کرنے پر نیشنل بنک کا شکریہ ادا کیا اور کھیلوں کی سرپرستی کرنے پر نیشنل بنک شعبہ اسپورٹس کے سربراہ اویس اسد خان کو بلدیہ جنوبی کی جانب سے حسن کارکردگی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان نے بلدیہ جنوبی کے چیئر مین ملک فیاض اعوان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آرام باغ باسکٹ بال کی لائٹس کا کام مکمل کر دیا اور صفائی وستھرائی کے مثالی انتظامات آرام باغ کورٹ کے اطراف منفی سرگرمیوں کا خاتمہ یقینی بنا دیا۔
حاجی غلام محمد خان نے میر پور خاص، حیدر آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کا طویل عرصے کے بعد کراچی آمد پر اظہار تشکر کیا۔ تینوں ٹیمیں منگل کو نیشنل بنک اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کریں گی اور کمشنر کراچی سے بھی ملاقات کرینگی۔