اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے نیکٹا کے برطرف ملازمین کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی، سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا، عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ نیکٹا کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کا اقدام نیکٹا ایکٹ سے متصادم تھا، اس لئے اسے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم کے ماتحت ہونا چاہیئے۔
اس کے علاوہ عدالت نے 15 جولائی 2013 کے کئے جانے والے تمام فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی اپنے قیام سے ہی وزیر اعظم کے ماتحت تھی تاہم موجودہ حکومت نے 15 جولائی کو اسے وزارت داخلہ کے ماتحت کر دیا تھا۔