کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہیں 3 ماہ یا اس سے زائد وقت کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
قومی کرکٹر احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ ایک کمیٹی اس حوالے سے تحقیقات کرے گی۔
ذرائع کے مطابق احمد شہزاد کا ڈوپ ٹیسٹ ڈومیسٹک میچ کے دوران لیا گیا تھا، بورڈ تحقیقات کرے گا کہ انہوں نے کون سی ممنوعہ دوا کب اور کیوں استعمال کی تاہم احمد شہزاد کو بھی مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا پھر ان کی سزا کا تعین ہوگا۔ پی سی بی قوانین کے تحت پہلی بار مثبت ڈوپ ٹیسٹ پر 3 ماہ یا کم سزا ہوتی ہے، دوسری بار اسی جرم پر 3 ماہ سے 2 سال اور تیسری بار تاحیات پابندی عائد کردی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے نومبر 2015ء میں پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو ڈوپنگ پر معطل کر دیا تھا، انہیں 3 ماہ کی پابندی بھگتنا پڑی تھی جب کہ پاکستان کے شعیب اختر، محمد آصف، عبدالرحمان اور رضا حسن کا بھی ماضی میں ڈوپ ٹیسٹ مثبت آ چکا ہے۔