کراچی: انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ پوری قوم بلخصوص طلبہ و طالبات کو عام تعطیل کے نام پر نکما اور ناکارہ کر دیا گیا تھا، ہمارے ملک میں آئے دن کوئی نہ کوئی حادثہ یا دہشت گردی کے واقعات کی وجہ سے تعلیم میں حرج ہوتا رہتا ہے، طلبہ کو سال میں تیس دن اضافی چھٹیاں ان ہی وجوہات کی بناء پر مل جاتی ہے۔
ایسے میں اہم قومی ایام پر بھی چھٹی کا اعلان کر کے تعلیم کا حرج کرنا نا قابل فہم ہے، وفاقی حکومت نے اس بار اس معاملے پر توجہ دی اور چھٹی منسوخ کردی، اب وفاقی حکومت کو چاہیے کہ اسکول ، کالجز اور جامعات کو سرکاری سطح پر علامہ محمد اقبال کی فکر اور ان کی تحریک پاکستان میں خدمات کے حوالے سے پروگرامات منعقد کرنے کے لئے پابند کرے، دنیا کی ہر قوم اپنے نونہالوں کو اپنے اکابریں اور قومی ہیروز کے بارے میںبتاتی ہے اور وہ سب کچھ ان کے طلبہ کے لئے تا دم آخر فخر کا باعث ہوتا ہے، مگر ہمارے یہاں طلبہ کو عام تعطیل دے کر ان ہیروز کا بھلانے میں مدد دی جاتی ہے۔
خواتین اسلامک مشن ہال گلشن اقبال میں جمعیت علماء پاکستان کے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ اے طائر لاہوتی اس رزق سے موت اچھی جس سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی،یہ شعر علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی کا اظہار تھا، انجمن طلبہ اسلام وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ انہوں نے اس عام تعطیل کی روایت کو ختم کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
اس موقع پرسامعین سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت سرکاری سطح پر تمام اسکول، کالجز اور جامعات کو پابند کرے وہ علامہ محمد اقبال کی فکر کے حوالے سے کانفرنسز اور پروگرامات کا انعقاد کر کے طلبہ میں فلسفہ خودی کو روشناس کروائیں، انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی اعلامیہ میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ جمعیت علماء پاکستان ہمارے اساس اور ہماری بنیاد ہے۔
انجمن طلبہ اسلام کے ہر ذمہ دار و کارکن کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ اپنے تعلیمی دور سے فراغت پا کر جمعیت علماء پاکستان حصہ بنے گا، حالیہ بلدیاتی الیکشن میں انجمن طلبہ اسلام پاکستان کا ہر ذمہ دار جو ووٹ دینے کا اہل ہے وہ چترالی ٹوپی کے نشان پر مہر لگا کر جمعیت علماء پاکستان کے امیدواروں کا کامیاب کروائے گا۔