اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پورے ملک میں بلاتفریق ترقیاتی کام کررہی ہے ، پاکستان کی ترقی کیخلاف احتجاج کرنے والوں کاایجنڈا اور مقصد سمجھ سے باہر ہے، کوئی کینیڈا میں بیٹھ کر اعلان کر رہا ہے۔
کوئی لندن میں ملاقاتیں کر رہا ہے، خدا کے واسطے پاکستان کو چلنے دو۔نندی پور پاور پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہناتھا کہ حکومت ملک کی ترقی کے لیے دن رات کام کررہی ہے تاکہ عوام کے دیے گئے۔
مینڈیٹ پر پورااتر سکے۔ ایسے میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے مقاصد سمجھ سے بالا ہیں۔ احتجاج کرنے والوں کو چاہیے کہ حکومت کی راہ میں روڑے اٹکانے کی بجائے اس کا ہاتھ بٹائیں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت بلا تفریق پورے ملک میں ترقیاتی کام کررہی ہے۔
شور مچانے والے پہلے یہ جان لیں کہ جن علاقوں سے ان کو ووٹ ملا وہاں بھی حکومت ہی عوام کی ترقی کے لیے کوشاں ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے صرف نندی پور پاورپراجیکٹ پر ہی نہیں بلکہ نیلم جہلم منصوبے پر بھی اندازے سے کہیں زیادہ رقم خرچ ہوئی۔
وزیر عظم نے نندی پور پاور پراجیکٹ اور دیگر منصوبوں میں چین کے تعاون کو سراہا اور بتایا کہ حکومت جلد دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ڈیم کے منصوبوں کا بھی آغاز کرے گی جس سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی ملے گی۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند برسوں کے دوران ملک میں 21 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔