فیصل آباد کی خبریں 7/3/2014
Posted on March 7, 2014 By Geo Urdu سٹی نیوز
عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے، احتجاجی ریلی خواتین کے ساتھ پیش آنے والے نا روا سلوک کی بھرپور مذمت
فیصل آباد ( ایچ ایس این)د رِبن مہم کے تحت عالمی یومِ خواتین کی مناسبت سے پیس اینڈ ہیومن ڈویلپمنٹ فائونڈیشن،عوام تنظیم اور ادارہ سماجی بہبودکے اشتراک سے منعقدہ احتجاجی ریلی کے شرکاء نے معاشرے میںخواتین کے ساتھ پیش آنے والے نا روا سلوک کی بھرپور مذمت کی اور حکومت سے حقوقِ نسواں کے دفاع کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ۔سفید رِبن مہم کا مقصد ہے کہ خواتین پر تشدد کے خلاف جدوجہد میں مرد حضرات بھی شامل ہیں، اور وہ خواتین مخالف تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس احتجاجی ریلی میں سماجی تنظیموں ،سیاسی تنظیموں، طلباء تنظیموں اور ٹریڈ یونینز کے نمائندوں نے سفید رِبن لگائے ہوئے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے خواتین کے حقوق کی حمایت اور خواتین کے خلاف امتیازات اور تشد د کی مخالفت میں نعرے بازی کی نیز خواتین مخالف قوانین، جنسی ہراسیت،جرگہ سسٹم، غیرت، ثقافت اور مذہب کے نام پر قتل ،جبری شادی،قرآن پاک سے شادی،اعضاء کاٹنا، تیل اور تیزاب سے جلانا جیسے رجحانا ت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس موقع پر سُنیل ملک ، نازیہ سردار، شازیہ جارج، نسیم انتھنی، روبن ڈینئیل، ارشاد پرکاش، ثریا وسیر، شفیق شریف، خادم پطرس،آشر اقبال اور مدیحہ اسلم نے شرکاء اور میڈیاسے اپنے موقف کا اظہار کیا۔پریس کلب کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر عوام تنظیم نازیہ سردار نے کہا کہ گھریلو تشدد کے علاوہ خواتین کو جنسی تشدد کا بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، حکومت نے تشدد کی شکار خواتین کو قانونی امداد و تحفظ فراہم کرنے کیلئے کرائسز سینٹرز قائم تو کئے ہیں مگر حکومت کی جانب سے فنڈ نہ جاری کرنے کی وجہ سے کرائسز سینٹر غیر فعالیت کا شکار ہیں۔ اُنھوںنے کہا کہ خواتین کو معاشی تشدد و معاشی استحصال کا بھی سامنا ہے جس بنا پر اُنھیں مردوں کے مقابلے کم اجرت دی جاتی ہے۔ لہذا لازم ہے کہ حکومت خواتین پر معاشی تشدد کو روکنے کیلئے نہ صرف عالمی ادارہ محنت کے گھر مزدور اورگھریلو ملازمین کے حقوق سے متعلق معاہدہ کی توثیق کرے بلکہ گھر مزدور اورگھریلو ملازمینکو مزدور تسلیم کرتے ہوئے قانونی تحفظ فراہم کرے۔ کوآرڈینیٹر عوام تنظیم شازیہ جارج نے خواتین باہم معذوری کو زبردستی بانجھ بنانے، اور خاندان کے افراد کی جانب سے خواتین پر تشدد کے عمل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا نیز خواتین کو گھریلو تشدد کے خلاف تحفظ فراہم کرنے کیلئے حکومت سے قانون پا س کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پروگرام ڈائریکٹر عوام تنظیمنسیم انتھنی نے کہا کہ معاشرے میںخواتین پر تشدد کی وسیع تر قبولیت ہی خواتین کے خلاف جرائم کی بنیادی و جہ ہے، جس بناء پر خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک عام ہے۔ معاشرے میں خواتین کے خلاف تشدد اور نفرت پھیلانے والے عناصر کار فرماں ہیں جن کی مذموم کاروائیوں کا نہ صرف سدِ باب کرنے ، بلکہ مقامِ کار پر خواتین کو ہراسانی اور امتیازی سلوک کے خلا ف تخفظ د ینے اورمقام ِ کار کو سازگار بنا نے کی بھی ضرورت ہے۔ روبن ڈیننئیلنے کہا کہ معاشرے سے خواتین کے خلاف تشدد کی روایت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے خاندان، میڈیا،اساتذہ، مذہبی و سیاسی رہنمائوں اور سماجی تنظیوںکا مثبت، تعمیر ی ومثالی کردار نا گزیر ہے۔ ارشاد پرکاش نے کہا کہ محض خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قوانین منظور کرنا ہی کافی نہیںبلکہ قوانین پر مناسب عملدرآمد کروانا ، نیز خواتین مخالف رسومات،روایات اور جرگہ سسٹم کے تحت ملنے والی سزائوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میںلانا بھی حکومت کیلئے لازم ہے۔ڈائریکٹر PHD فائونڈیشنسُنیل ملک نے کہا المیہ ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ذمہ دار ادارے بھی خواتین پر تشدد کے ذمہ دار ہیں، لہذا ضرورت ہے کہ حکومتِ وقت قانون سازی کے ذریعے ریاستی اداروں کی جانب سے تشدد (ٹارچر)پرپابندی عائد کرے۔ثریا وسیر نے کہا کہ تیزاب پھینکنے کے واقعات کی روک تھام سے متعلق قانون پر نظرثانی کی جائے کیونکہ موجودہ قانون میں متاثرہ خواتین کے علاج معالجہ کے انتظام کا ذکر نہیں، نیز موجودہ قانون تیزاب کی ترسیل، خرید و فروخت، مارکیٹ میں با آسانی دستیابی پر پابندی عائد نہیں کرتا۔
————————–
————————
بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ریسرچ انوسٹی گیٹر میاں محمد عمران اعجاز کی بیٹی رضا ئے الہی سے وفات پاگئی
فیصل آباد (ایچ ایس این)بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد کے ریسرچ انوسٹی گیٹر میاں محمد عمران اعجاز کی بیٹی رضا ئے الہی سے وفات پاگئی ہیں۔ مرحومہ کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں جھنگ روڈ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مرحومہ کی وفات پر چیئرمین بورڈ پروفیسر غلام محمد جھگڑ، سیکرٹری بورڈ پروفیسر حامد خلیل، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ظفر اقبال، پی آر او رانا امجد علی خاں، میاں عارف نوید، میاں محمد اکرام، ملک ،چودھری امجد بوبک، چودھری امتیاز احمد چٹھہ، ملک محمد اسلم، خالد بشیراور سید ساجد حسین نقوی نے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے بلند درجات اور پسماندگان کے لئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔
————————–
————————
قومی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، ترقیاتی دھارے میں شامل رکھنے کے لئے جامع پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے، ڈویژنل کمشنر
فیصل آباد (ایچ ایس این)قومی ترقی میں خواتین کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا یہی وجہ ہے کہ عورتوں کو ترقیاتی دھارے میں شامل رکھنے کے لئے جامع پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جارہا ہے ۔یہ بات ڈویژنل کمشنر سردار اکرم جاوید نے گورنمنٹ گرلز کالج چنیوٹ میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈی سی او ڈاکٹر ارشاد احمد،اسسٹنٹ کمشنرزمہر شفقت اللہ مشتاق،شمائلہ منظور،ڈی اوسوشل ویلفیئرفرخ رضوان،انچارج دارالامان ثناء جاوید،پرنسپل میڈم درخشاں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی دیگر خواتین کے علاوہ طالبات کی کثیرتعداد اس موقع پر موجود تھی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حقوق سے آگاہی کے لئے خواتین کا تعلیم یافتہ ہونا اشد ضروری ہے لہذا تعلیم نسواں سے متعلق کوئی کوتاہی یاغفلت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھارہی ہیں لیکن عورتوں پرمشتمل ملک کی آدھی سے زائدآبادی اگر قومی مشن کے تحت متحرک ہوجائے تو سماجی ومعاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ دوگنا کرنے کے علاوہ خواتین کو دیگر کئی مراعات اورترقی کے مواقع فراہم اور خواتین کے جرائم کی روک تھام کے لئے موثر قانون سازی کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مختلف سرکاری کمیٹیز میں بھی عورتوں کو نمائندگی دی جارہی ہے۔انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کا ادراک کرتے ہوئے ان کے حصول کے لئے خود کھڑی ہوجائیں اورمعاشرتی اصلاح میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مہذب اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیادیں مضبوط ہوں۔ڈی سی اوڈاکٹر ارشاداحمد نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں ان کاجائز مقام دلانے اور تحفظ فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری دفاتر میں ملازمت پیشہ خواتین کو خوشگوار ماحول کی فراہمی کویقینی بنایا جارہا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر شمائلہ منظور،انچارج دارالامان ثناء جاوید،پرنسپل چناب کالج مس نزہت،پرنسپل کالج میڈم درخشاں ودیگرنے ملکی ترقی میں خواتین کے کردار پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں خواتین کو مساوی حقوق دئیے گئے ہیں لہذا خواتین کو چاہیے کہ وہ فلاحی کاموں میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے ملک کی تعمیر وترقی کے لئے آگے بڑھیں۔
————————–
————————
فن لینڈ کے ثقافتی شعبہ کی تحقیق وتجربات سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے، دوطرفہ دوروں کا تسلسل کے ساتھ اہتمام ہونا چاہیے،نورالامین مینگل
فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈی سی اونورالامین مینگل نے کہا ہے کہ فن لینڈ کے ثقافتی شعبہ کی تحقیق وتجربات سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے جس کے لئے ماہرین کے دوطرفہ دوروں کا تسلسل کے ساتھ اہتمام ہونا چاہیے۔انہوںنے یہ بات فن لینڈ کے دورہ کے دوران فن لینڈ پارلیمنٹ کے ڈپٹی سپیکر ”پے کار اوئی سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ فن لینڈ میں پاکستان میوزیم ایسوسی ایشن انٹرنیشنل کے نائب صدر ارشد فاروق اوردیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی سی اونے کہا کہ فیصل آباد میںثقافتی ورثہ کے تحفظ اور اس کواچھوتے انداز میں اجاگر کرنے کے لئے فن لینڈ کے دورہ کے تجربات ومشاہدات سے بھرپور استفادہ کیاجائے گا۔انہوں نے بہترین مہمان نوازی پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔
————————–
————————
حرم میڈیا انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے انٹریونیورسٹی وکالجزمقابلہ گائیکی،علی وارث نے جیت لیا
فیصل آباد (ایچ ایس این)فیصل آباد آرٹ کونسل اور حرم میڈیا انسٹیٹیوٹ کے اشتراک سے انٹریونیورسٹی وکالجزمقابلہ گائیکی”سرکا سلطان”علی وارث نے جیت لیا جبکہ ہارون رشید نے دوسری اور شہریار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔قائمقام ڈی سی او محمد آصف چوہدری نے مقابلہ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹر طارق جاوید اور شائقین کی بڑی تعدد اس موقع پر موجود تھی۔قائمقام ڈی سی او نے مقابلے میں شریک اورپوزیشن ہولڈرز میں انعامات اورتحائف تقسیم کئے۔انہوں نے کہا کہ گائیکی کے مقابلہ کے انعقاد سے باصلاحیت نوجوان کی تلاش خوش آئندہے۔آرڈی نے بتایا کہ سرکا سلطان مقابلہ گائیکی میں 15امیدواروں نے حصہ لیا۔
————————–
————————
غیر معیاری،مضر صحت اورغیر تصدیق شدہ گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری
فیصل آباد (ایچ ایس این)غیر معیاری،مضر صحت اورغیر تصدیق شدہ گوشت فروخت کرنے والے قصابوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری، اس سلسلے میں ڈی او لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدرعلی خاں اور اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ محمد کاشف نواز نے مختلف علاقوں میں 6قصابوں کو حفظان صحت کے خلاف گوشت فروخت اور سلاٹر ہائوس سے باہر جانور ذبح کرنے پر مجموعی طور پر46ہزارروپے جرمانہ اور ملت ٹائون کے علاقہ میں ایک قصاب کے خلاف متعلقہ تھانہ میں مقدمہ درج کرادیا۔
————————–
————————
خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آگہی سیمینار 7مارچ کو ساڑھے 10بجے صبح ٹی ایم اے ہال نزد ریلوے اسٹیشن منعقد ہوگا
فیصل آباد (ایچ ایس این)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے آگہی سیمینار 7مارچ کو ساڑھے 10بجے صبح ٹی ایم اے ہال نزد ریلوے اسٹیشن منعقد ہوگاجس میں خواتین ایم پی ایز کنیز اسحاق،نجمہ افضل،مدیحہ رانا ودیگر مہمانان خصوصی ہونگی جبکہ سیمینار میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سیمینار کے انعقاد کے لئے ای ڈی او ایجوکیشن شاہدہ سہیل کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ محکمہ سوشل ویلفیئر اوروومن ڈویلپمنٹ کو بھی انتظامات کے حوالے سے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
————————–
————————
حکومت پنجاب کی طرف سے 54 کروڑ53 لاکھ89 ہزار روپے کے فنڈز سے صحت و تعلیم کے اہم منصوبوںکے لئے، محکمانہ کارروائی شروع
فیصل آباد (ایچ ایس این)حکومت پنجاب کی طرف سے 54 کروڑ53 لاکھ89 ہزار روپے کے فنڈز سے صحت و تعلیم کے3 اہم منصوبوں کی تکمیل کے لیے محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے اس سلسلے میں کنٹریکٹرز/ فرمز کی پری کوالیفیکیشن کے لیے24 مارچ تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔محکمہ پروونشیل بلڈنگزڈویژن کے ایک ترجمان کے مطابق گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی50 سے 250 بیڈزتک توسیع کی جا رہی ہے جس کے لیے ابتدائی طور پر38 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں اسی طرح ایوب ریسرچ جھنگ روڈ کے قریب گورنمنٹ گرلز کالج کے قیام کے منصوبہ پر بھی عملدر آمد شروع کر دیا گیا ہے جس کے لیے8 کروڑ81 لاکھ روپے کے فنڈزرکھے گئے ہیں جبکہ رورل ہیلتھ سنٹر لالیاں کی60 بیڈز پر مشتمل تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے درجہ تک اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے جس کے لیے 7 کروڑ72 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ان منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں علاقہ کے لوگوں کو تعلیم و صحت کے شعبہ میں وسیع و جدید سہولتیں جلد میسر آسکیں۔
————————–
————————
پیسٹی سائیڈز ڈیلرز کے لائسنسوں کے اجراء اور تجدید کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا
فیصل آباد (ایچ ایس این)محکمہ زراعت شعبہ پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول نے ضلع فیصل آباد میں پیسٹی سائیڈز ڈیلرز کے لائسنسوں کے اجراء اور تجدید کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے لیے درخواستیں10 سے 25 مارچ تک وصول کی جائیں گی جبکہ ٹریننگ کا آغازیکم اپریل سے ہوگا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر عامر رسول کے مطابق نئے درخواست گزار ٹریننگ فیس دو ہزار روپے جبکہ تجدیدپانچ سو روپے چالان نمبر32 کے ذریعے اسٹیٹ بینک یا نیشنل بینک میں جمع کرا سکتے ہیں ہر لحاظ سے مکمل درخواستیں دفتر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول پلانٹ پتھالوجیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے دفتر میں25 مارچ تک پہنچ جانی چاہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ نئے لائسنسز کے اجراء کے لیے درخواست گزار سادہ کاغذ پر درخواست لکھ کرہمراہ میٹرک سند،شناختی کارڈ، ڈومیسائل، پاسپورٹ سائز فوٹو چار عدد اورتمام کاغذات کی کاپیاں تصدیق شدہ منسلک کریں گے جبکہ تجدید کے لیے ڈیلرز پرانے لائسنس کی فوٹو کاپی بھی ساتھ لگائیں۔
————————–
————————
سیکرٹری آرٹی اے طارق محمود چوہدری کو ایڈمنسٹریٹر بی کلاس جنرل سٹینڈ(سٹی ٹرمینل) کا اضافی چارج دے دیاگیا
فیصل آباد (ایچ ایس این)ڈی سی او/ چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نورالامین مینگل نے سیکرٹری آرٹی اے طارق محمود چوہدری کو ایڈمنسٹریٹر بی کلاس جنرل سٹینڈ(سٹی ٹرمینل) کا اضافی چارج دے دیاہے۔
————————–
————————
الائیڈ سکول شالیمار کیمپس میں سٹوڈنٹ کی چھپی ہوئی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے نفاذ کا اعلان
فیصل آباد(بیورورپورٹ) الائیڈ سکول شالیمار کیمپس میں سٹوڈنٹ کی چھپی ہوئی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے اہم مربوط حکمت عملی کے تحت ہم نصابی سرگرمیوں کا نفاذ اس طرح کیا گیا ہے کہ سٹوڈنٹ اگر نصابی سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کریں تو ان کی معمول کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ جس کے لیے پیس فائونڈیشن کے ماہرین کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیاہے۔ پروجیکٹ ایجوکیشن سٹوڈنٹ کی چھپی ہوئی صلاحیت کو بروئے کار لانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اسی لیے ادارے کے ڈائریکٹر عمر جمشید نے ٹیچر ٹریننگ اور پروجیکٹ ایجوکیشن کو سٹوڈنٹ میں متعارف کروانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت پروگرام مرتب کیے ہیں۔ جس کے نتیجے میں اس طرح کے سائنسی پروجیکٹ سامنے آرہے ہیںکہ جن سے نہ صرف سٹوڈنٹ انتہائی کم وقت میں انتہائی کم ذہنی مشقت کرتے ہوئے بہت زیادہ نصابی اور غیر نصابی علم حاصل کر سکتے ہیں۔ جس سے نہ صرف سٹوڈنٹ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ اس کاوش کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات کو عام مارکیٹ میں متعارف کروایا جا سکے گا۔ اس نمائش میں سٹوڈنٹ نے ایزی لوڈ کی مشکلات، موٹر سائیکل کی سواری کو محفوظ کرنے سٹوڈنٹ کی چھپی ہوئی صلاحیت کو بروئے کار لانے، ہوم سکیورٹی ، بارش سے ہونے والے نقصانات وغیرہ کے حل کے لیے پروجیکٹ تیار کیے ہیں۔ واضح رہے کہ الائیڈ سکول شالیمار کیمپس میں سالانہ تقریب انعامات کی تقریب کو بڑے منظم طریقے سے منعقد کیا جارہا ہے۔ جس کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی ہوں گے۔ اس تقریب میں بچوں کے بنائے ہوئے مختلف خاکوں ،ٹیبلو اور ملی نغموں پر مبنی ایک منفرد قسم کا ورائٹی شو کا بھی اجراء کے علاوہ سٹوڈنٹ کے بنائے ہوئے سائنسی پروجیکٹ پر مبنی سائنسی نماش کا بھی اجراء کیا جائے گا۔ جس کے نتیجے میں الائیڈ سکول شالیمار کیمپس کے سٹوڈنٹ اپنے تصورات، خیالات اور نظریات کا تبادلہ خیال کرنے کا موقع مل سکے گا۔ جس کے نتیجے میں سٹوڈنٹ ایسا علم دریافت کر سکیں گے جو کسی سوال کا جواب تلاش کر سکے یا کسی مشکل کا حل تلاش کر سکے۔ ایسی تقریبات ہمارے تعلیم کا حصہ ہونا چاہیے مگر اس میں حائل سب سے زیادہ دشوار یہ ہے کہ پروجیکٹ ایجوکیشن کے لیے فنی اور انجینئرنگ مہارت ناگزیر ہے۔ جس کا تعلیمی اداروں میں بہت زیادہ فقدان ہے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے پیس فائون ڈیشن کو مدعو کیا گیا ہے۔ جبکہ پیس فائونڈیشن نے بلامعاوضہ اپنی خدمات پیش کررہی ہے۔
————————–
————————