اسلام آباد (جیوڈیسک) آئندہ بجٹ کی ابتدائی منظوری کے لیے وزیر اعظم میاں نواز شریف آج قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اس کے علاوہ آغاز حقوق بلوچستان اور صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم جیسے امور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بھی اسلام آباد میں ہورہا ہے۔
اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ بھی شریک ہوں گے جس میں حکام آئندہ مالی سال کیلئے معاشی ترقی کے اہداف مقرر کریں گے۔ مالی سال 15-2014 میں معاشی ترقی کا ہدف 5.1 فیصد مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
حکومت عوام کی فلاح کے منصوبوں کے لیے 13 کھرب روپے سے زائد کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری بھی دے گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم میاں نواز شریف مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی بھی صدارت کریں گے جس میں حکومت کے وژن 2025، آئندہ پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے، صوبوں کے مالی امور ، بجلی کی پیدوار میں اضافے اور واجبات کی ادائیگی کے علاوہ بجلی چوری کی روک تھام کے معاملات پر غور کیا جائے گا۔