اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر قومی اقتصادی کونسل تشکیل دیدی ہے ۔ وزیر اعظم نوازشریف کونسل کے چیئرمین ہوں گے۔ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل ایک سو چھپن کلاز ون کے تحت صدر آصف علی زرداری نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دی ہے۔
کونسل کے چیئرمین وزیرا عظم جبکہ چاروں وزرا اعلی اس کے ممبر مقرر کیے گئے ہیں وزیر اعظم کے نامزد چار ارکان اور چار ارکان وزرا اعلی کے نامزد کردہ ہیں۔ تشکیل پانے والی قومی اقتصادی کونسل میں وزیر اعظم کی طرف سے اسحاق ڈار ، خواجہ آصف ، احسن اقبال ،غلام مرتضی خان جتوئی کو کونسل کاممبر نامزد کیا گیا ہے جبکہ پنجاب سے وزیراعلی شہبازشریف اور انکی طرف سے نامزد کردہ وزیر خزانہ پنجاب ممبر مقرر کیے گئے۔
سندھ سے وزیر اعلی قائم علی شاہ اور وزیر اعلی کے مشیر برائے خزانہ مراد علی شاہ ، خیبر پختونخوا سے وزیر اعلی پرویز خٹک اور سینئر وزیر سراج الحق کونمائندگی دی گئی ہے جبکہ بلوچستان سے وزیر اعلی ڈاکٹر عبد المالک اوررکن اسمبلی عبد الرحیم زیارت وال کو ممبرنامزد کیا گیا ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا ، وزیر اعظم آزاد کشمیر ، وزیراعلی گلگت بلتستان ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ، سیکرٹری فنانس ڈویژن ، سیکرٹری اکنامک افیئر ڈویژن اور سیکرٹری پلاننگ ڈویژن خصوصی دعوت پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شریک ہو سکیں گے۔ نئے مالی سال کے لئے وفاق اور صوبوں کے 10 کھرب روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جائے گی۔