اسلام آباد (جیوڈیسک) نئی قومی توانائی پالیسی منظور کر لی گئی۔ وزیر بجلی و پانی خواجہ آصف نے بجلی مہنگی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمرشل صارفین پر اطلاق کل سے جبکہ گھریلو صارفین پر یکم اکتوبر سے ہو گا۔ 200 یونٹ استعمال پر سبسڈی برقرار رکھی گئی ہے۔ اسلام آباد حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کے مطابق بجلی کا ٹیرف گھریلو، کمرشل، زرعی اور صنعتی صارفین کے لیے بڑھایا جا رہا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں اضافہ سبسڈی کم کر کے دو مراحل میں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے ورکنگ شروع کر دی ہے۔
دو سو یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ٹیرف میں اضافہ نہیں کیا جا رہا جبکہ دو سو سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لئے بجلی ڈھائی سے تین روپے مہنگی کی جا رہی ہے جبکہ انڈسٹریل، کمرشل اور زرعی صارفین کے ٹیرف میں سات روپے تک اضافہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت اس وقت صارفین سے اوسطا آٹھ روپے 77 پیسے فی یونٹ وصول کر رہی ہے جبکہ بجلی کی فی یونٹ لاگت اوسطا بارہ سے چودہ روپے فی یونٹ ہے۔ دو مراحل میں سبسڈی کا مکمل خاتمہ کرنے کے بعد بجلی کے ٹیرف کی فی یونٹ قیمت بیس روپے تک ہو جائے گی۔