النکبہ فٹبال؛ پاکستان ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گیا

Football

Football

لاہور (جیوڈیسک) فلسطین نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے زیر کر کے النکبہ فٹبال ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ اسرائیل کی طرف سے بحرین سے تعلق رکھنے والے قومی کوچ محمد شاملان کو فلسطین میں داخلے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے کوچنگ کے فرائض فون کے ذریعے انجام دینا پڑے۔ تفصیلات کے مطابق فلسطین میں جاری النکبہ فٹبال ٹورنامنٹ میں میزبان فلسطین اور اردن کی ٹیمیں فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ 24 مئی کو شیڈول ہے، ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر ایونٹ میں اچھا آغاز کیا تھا تاہم بعد ازاں اسے مسلسل 2 ناکامیوں کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا۔

ہفتے کی شب منعقدہ میچ میں فلسطین نے پاکستانی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں 3-0 سے ہرا کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کی۔ کھیل کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل پیش کیا تاہم کھیل کے 18 ویں منٹ میں فلسطین کی ٹیم پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔ بعد ازاں پاکستانی ٹیم کو بھی گول کرنے کے متعدد مواقع ملے لیکن پاکستانی فاروڈز اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔پہلے ہاف تک اسکور 1-0 تھا۔ دوسرے ہاف میں فلسطین نے مزید دو گول کر کے کامیابی اپنے نام کی۔ پاکستان فٹبال ٹیم کی ٹورنامنٹ میں ناکامی کی بہت ساری وجوہات میں بڑی وجہ غیر ملکی کوچ محمد شاملان کو فلسطین میں داخلے کی اجازت نہ دینا تھا۔ ابتدائی دو میچوں کی طرح تیسرے میچ میں بھی شاملان کو کوچنگ کے فرائض فون پر دینا پڑے۔ النکبہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم 21 مئی کو وطن واپس لوٹے گی۔