قومی لائحہ عمل کے تحت مختلف جرائم میں ملوث 32 ہزار سے زائد افراد گرفتار

Arrest

Arrest

اسلام آباد (جیوڈیسک) دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل کے تحت ملک بھر میں کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کو پیش کر دی گئی جس کے مطابق اب تک مختلف الزامات کے تحت 32 ہزار 347 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وزیر اعظم کو ارسال کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی پنجاب میں 14 ہزار 791، سندھ میں 5 ہزار 517، خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 461، بلوچستان میں 84، اسلام آباد میں 405، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 394، گلگت بلتستان میں 83 اور فاٹا میں 91 کارروائیوں میں مختلف الزامات کے تحت 32 ہزار 347 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 61 مجرمان کو پھانسی دی گئی جن میں سے 47 کو پنجاب، 11 کو سندھ، ایک کو خیبرپختونخوا اور 2 مجرمان کو آزاد کشمیرمیں تختہ دار پر لٹکایا گیا، اشتعال انگیز تقاریر اور مواد کی تشہیر پر مجموعی طور پر 887 مقدمات درج کئے گئے۔

جب کہ وفاقی تحقیقی ادارے نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل پر 64 مقدمات درج کئے اور 83 افراد کو گرفتار کر کے 10 کروڑ 17 لاکھ روپے برآمد کئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران 18 ہزار 855 افغان پناہ گزینوں کو وطن واپس بھیجا گیا جب کہ 3 لاکھ 54 ہزار 672 کا اندراج کیا گیا۔