اسلام آباد (جیوڈیسک) ٹیلنٹ کے لئے عمر کی قید نہیں ہے۔ 32 ویں نیشنل گیمز میں سات سالہ رجا کی کمسن ترین کھلاڑی کے طور پر سندھ کے دستے میں شرکت شائقین کے لیے باعث حیرت ہے۔ ساتھی کھلاڑیوں کے فخر اور حریف کھلاڑیوں کے لیے انوکھا چیلنج ہے۔ اسلام آباد کراچی کی رہائشی سات سالہ رجا اپنے دو بہن بھائیوں کے ہمراہ سندھ کے دستے میں بطور تیراک منتخب ہوکر اسلام آباد پہنچی اور قومی کھیلوں میں حصہ لے رہی ہے۔
رجا اتنی چھوٹی ہے کہ کھلاڑیوں کا تیار کردہ لباس بھی اسے پورا نہ آیا۔ رجا نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جب جناح سٹیڈیم کا چکر لگایا تو شائقین سے خوب داد وصول کی۔ کھیلوں کی افتتاحی تقریب میں اپنے سامنے روایتی رقص دیکھ کر رجا سب کچھ بھول گئی اور خوب محظوظ ہوتی رہی۔ اپنی کم عمری کی وجہ سے رجا کو قومی کھیلوں میں منفرد مقام تو حاصل ہے ہی ساتھ ہی وہ بڑوں سے مقابلہ جیتنے کے لیے بھی پرعزم ہے۔