لاہور (جیوڈیسک) نیشنل گرڈ لائن میں فنی خرابی کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا میں دوپہر 12 سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی، متاثرہ شہروں میں 6 گھنٹوں کے بعد جزوی طور پر بجلی بحال ہونا شروع ہوئی۔ جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں دوپہر 12 سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جو میپکو حکام کے مطابق شام 6 بجے بحال ہوئی۔ فیسکو حکام کے مطابق فیصل آباد میں 12 بجے سے معطل بجلی 8 بجے سے جزوی طور پر بحال ہونا شروع ہوئی۔
گوجرانوالہ میں بھی 6 گھنٹوں تک شہری بجلی سے محروم رہے۔ سرگودھا، بہاولپور، سیالکوٹ، ڈیرہ غازی خان چکوال اور مری سمیت دیگر شہروں میں بھی دوپہر 12 بجے سے معطل بجلی تقریباً بحال ہوگئی ہے۔ منگلا ڈیم کی مین ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے باعث ڈیرہ اسماعیل خان اور سوات میں بھی دوپہر 12 بجے سے بجلی غائب ہوگئی۔
پیسکو حکام کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل گرڈ لائن میں فنی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی معطل کی گئی۔ چارسدہ، کوہاٹ سمیت مختلف شہروں میں بھی دوپہر سے بجلی غائب ہوگئی۔ بیشتر شہروں میں بجلی جزوی طور پر بحال کردی گئی۔