نیشنل ہائی وے ٹریفک حادثہ قومی سانحہ ہے۔ روشن پاکستان پارٹی

karachi

karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شکار پور جانے والی مسافر کوچ اور آئل ٹینکر تصادم کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 59افراد کی ہلاکت قومی سانحہ ہے مگر یہ پہلا سانحہ نہیں اس قسم کے سانحات عموماً رونما ہوتے رہتے ہیں جس کی بنیادی وجہ قوانین سے لاعلمی اور قوانین پر عدم عملدرآمد و عدم پاسداری کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔

محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد امیر پٹی نے نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر ہونے والے المناک ٹریفک حادثے اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں پر تاسف و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے جاگیردارانہ و سرمایہ دارانہ نظام میں سیاسی مفادات کیلئے پیدا کئے جانے والے طبقاتی نظام نے نہ صرف ظلم ‘استحصال‘ جبر اور ناانصافی و دہشتگردی کو جنم دیا ہے۔

بلکہ سیاستدانوں کی کرپشن نے پورے معاشرے اور معاشرے کے ہرفرد و ہر ادارے کو اس طرح سے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے کہ بڑھتی ہوئی رشوت کے باعث قوانین پر عملدرآمد ممکن نہیں رہا اور آئین و قوانین کی پاسداری کا رجحان ختم ہوچلا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف معاشرے میں دہشتگردی ‘ عسکریت پسندی اور ہر قسم کے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ ٹریفک قوانین پر عدم عملدرآمد مسلسل المناک حادثات کا باعث بنا ہوا ہے۔

امیر پٹی نے مزید کہا کہ ملک و قوم کو محفوظ و مستحکم ‘ ترقی یافتہ و خوشحال اور مطمئن و آسودہ بنانے کیلئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے پیش کردہ فارمولے کے مطابق خودمختار ڈویژنل کونسلوں کے قیام کے ذریعے مقامی مختاری نافذ کرکے رشوت و کرپشن کا خاتمہ کرکے اس قسم کے سانحات و حادثات کے سد باب کی جانب مثبت پیشرفت کی جا سکتی ہے۔